معاشرے میں پڑھنے اور تحقیق کے رجحان کو فروغ دینا ہوگا،مرتضیٰ سولنگی

3

اسلام آباد،22فروری(اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ معاشرے میں پڑھنے اور تحقیق کے رجحان کو فروغ دینا ہوگا، ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں نوجوانوں میں علم کے فروغ کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن نے ڈسپلے سینٹر قائم کر کے بہترین کاوش کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاک چائنہ  فرینڈ شپ سینٹر میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن (ڈی ای ایم پی) کی جانب سے قائم کردہ پہلے ڈسپلے سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہی ۔

انہوں نے پاک چائنہ سینٹر میں پہلے ڈسپلے سینٹر کے افتتاح پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن کے افسران اور عملے کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ منصوبہ بندی کے مطابق اس ادارے کی پبلی کیشنز قائداعظم کے مزار، شکر پڑیاں، لوک ورثہ اور عام مارکیٹ میں بھی دستیاب ہیں۔

قبل ازیں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی عمرانہ وزیر نے وزیر  اطلاعات کو پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشن (ڈی ای ایم پی) کی تشکیل اور اس کے مشن کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی ارشد منیر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسپلے سینٹر میں رکھی جانے والی کتابیں اور پبلی کیشنز اعلیٰ معیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں نوجوانوں میں علم کا فروغ ناگزیر ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ڈسپلے سنٹر معاشرے میں پڑھنے اور تحقیق کے کم ہوتے رجحان کو بحال کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔