دفتر محتسب پنجاب کے زیر اہتمام عوامی آگاہی کے لیے سنوائی/آؤٹ ریچ سیمینار کا انعقاد

21

لاہور، 31 جولائی (اے پی پی): دفتر محتسب پنجاب کے زیر اہتمام لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں “سنوائی/آؤٹ ریچ سیمینار” کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار کا مقصد عوام کو محتسب پنجاب کے دائرہ اختیار، شکایات کے اندراج کے طریقہ کار اور ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کرنا تھا۔ ایڈوائزر محتسب پنجاب عارف انور بلوچ نے تقریب کے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی اور ادارے کی کارکردگی، شکایات کے ازالے کے نظام اور بلا معاوضہ خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ شکایت درج کرانے میں صرف 10 منٹ درکار ہوتے ہیں اور شہری ہیلپ لائن 1050، موبائل ایپ (OPMIS)، ویب سائٹ یا قریبی ریجنل آفس کے ذریعے با آسانی شکایات جمع کرا سکتے ہیں۔ عارف انور بلوچ نے ادارے کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب بھر میں 98 فیصد شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے، جن میں زمینوں کے تنازعات جیسے پیچیدہ مقدمات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے جلد ہی موبائل آؤٹ ریچ وین مہم کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جس کے ذریعے ادارے کی خدمات کو دور دراز علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔  تقریب میں لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں ابوذر شاد، ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن و کنوینر محترمہ فردوس نثار، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری سمیت مختلف ممتاز کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے دفتر محتسب پنجاب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ادارے کی شفاف اور موثر کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔