ملتان,14 اگست (اے پی پی )َ:یومِ آزادی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ملتان مریض بچوں کی خوشیوں میں شریک ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور زیرِ علاج بچوں میں مٹھائیاں اور تحائف تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا اور بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی دکھی انسانیت کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا دن ہے، اور ضلعی انتظامیہ چلڈرن ہسپتال میں زیرِ علاج بچوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
مریض بچوں نے تحائف اور مٹھائیاں ملنے پر خوشی کا اظہار کیا، جبکہ ہسپتال میں جشنِ آزادی کا ماحول بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر گیا۔











