ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر ڈرگ ریہیبلیٹیشن سنٹر ملتان میں تقریب، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر کلثوم پراچہ مہمانِ خصوصی

15

 

ملتان،12(اے پی  پی ):اکتوبرویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ڈرگ ریہیبلیٹیشن سنٹر سوشل ویلفیئر ملتان میں سی سی ایل فارما کے تعاون سے منعقدہ “ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے” کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت معروف سماجی شخصیت خالد محمود بٹ نے کی۔ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خوشگوار زندگی کے لیے جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ مثبت سوچ، ذہنی توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ مثبت رویے اور اچھے اخلاق کے حامل افراد میں ذہنی امراض کی شرح انتہائی کم ہوتی ہے۔

صدرِ تقریب خالد محمود بٹ نے کہا کہ “ذہنی صحت کے عالمی دن” کے موقع پر ڈی آر سی کی جانب سے بہترین تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس تقریب کا مقصد ذہنی صحت کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنا اور معاشرے میں ذہنی تندرستی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر سکون زندگی کے لیے نظم و ضبط اور مثبت طرزِ فکر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔تقریب کے مہمانِ اعزاز ڈاکٹر آصف مغل (ایم بی بی ایس، ایف سی پی ایس، نشتر ہسپتال) نے ادارے میں مقیم کلائنٹس کو پروجیکٹر کے ذریعے ذہنی صحت سے متعلق عملی تربیتی لیکچر دیا۔دیگر مقررین میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان عبدالعزیز خان، ہیڈ آف سیلز سی سی ایل فارما سدھیر رندھاوا، سپرنٹنڈنٹ ڈی آر سی میڈم سمیرا ستار، ڈاکٹر نسیم اقبال، پلیسمنٹ آفیسر محمد میثم صدیقی، سائیکالوجسٹ میڈم عظمی امین اور سی سی ایل فارما کے تنویر کاشف شامل تھے۔تقریب کی نظامت  محمد نبیل خان، پبلک ریلیشن آفیسر سوشل ویلفیئر ملتان ڈویژن نے انجام دیے