پشاور ،31 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کےلیے محفوظ ملک ہے، اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہفتہ کو گورنر ہاؤس پشاور میں بابا گرو نانک کے 557 ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اقلیتی برادریوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کےلیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا نے سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اقلیتی برادریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور محدود وسائل کے باوجود ان کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق سے متعلق طویل عرصے سے زیر التوا قانون سازی جلد از جلد مکمل کی جائے گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگرچہ ماضی کی صوبائی حکومتیں اقلیتی فلاح و بہبود پر ترجیحی توجہ دینے میں ناکام رہیں، مگر موجودہ حکومت تمام شہریوں کےلیے مساوی حقوق، تحفظ اور مواقع کو یقینی بنانے کےلیے پرعزم ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کےلیے پائیدار امن ضروری ہے، قوم امن کی بحالی کے لیے اے پی ایس کے شہداء، عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کو فروغ دینے اور بچوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ بندوقوں کے بجائے قلم اور کھیل کے میدان منتخب کریں۔ اس موقع پر گورنر نے بابا گرو نانک کے 557 ویں یومِ پیدائش کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا۔ اس موقع پر سردار پرویندر سنگھ، سنی سنگھ، قاری روح اللہ مدنی، محکمہ انسانی حقوق کے رضوان اللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر خیبر پختونخوا کو روایتی شال بھی پیش کی گئی۔











