خوشاب ، 11 جولائی (اے پی پی ): صوبہ بھر کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع خوشاب میں بھی محکمہ بہبودآبادی کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ آبادی منایا گیا۔ اس ضمن میں ضلعی ہیڈکوارٹر جوہرآباد مین بازارمیں ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔واک کالج چوک سے شروع ہو کر مین بازار سے ہوتی ہوئی لائیبریری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے شرکاء نے عوام کی آگاہی کے لئے بہبودآبادی کے متعلق بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے۔
واک کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خوشاب نادیہ شفیق نے کی۔واک میں ڈی پی ڈبلیو او چوہدری محمد شاہد ڈسڑکٹ ڈیمو گرافر عقیلہ تبسم،ملک غضنفر وڈھل،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز احمد مانگٹ،کے علاوہ پولیس، ایجوکیشن،متفرق محکمے،این جی اوز اور معززین شہر نے شرکت کی۔
واک کے اختتام پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ آبادی کے منانے کا مقصد ملک میں تیزی سے بڑہتی ہوئی آبادی کے منفی اثرات اور ماں بچے کی صحت کے حوالے سے آگہی پیدا کرناہے۔ انھوں نے کہا صحت مندخاندان خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے اور یہ اُس وقت ہی ممکن ہو سکتا ہے جب ہم اپنے شادی شدہ بچوں کو محکمہ بہبودآبادی کے پلان کے مطابق کنبے کی تشکیل کا مشورہ دیں اور آنے والی نسلوں کو بڑھاپے کا سہارابچوں کی تعداد کے بجائے انھیں لائق اور قابل اولاد بنائیں۔
ڈی پی ڈبلیو او خوشاب چوہدری محمد شاہد نے خطاب کرتے ہوئے ماں اور بچے کی صحت، بچوں کے حقوق، والدین کی ذمہ داریاں، چھوٹے کنبہ کے فروغ، کم عمری کی شادی کے نقصانات، بیٹے اور بیٹی کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنے کی آگاہی دی۔چوہدری محمد شاہد نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ ہذا کے تمام فلاحی مراکز میں تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، مختلف بھٹوں پر آگاہی سیشن اور فر ی میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کروایا جا رہا ہے۔