الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی میڈیا سے بات چیت

8

فیصل آباد۔11ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ  الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہی،  اگلے انتخابات انشااللہ ہر حال میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ہی ہوں گے اور کسی کو الیکشن میں دھاندلی یا عوام کا مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیا جا ئے گا ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے   اگر کسی کو خدشات ہیں تو ہم مل بیٹھ کر بات کرنے کو تیار   ہیں۔ ہفتہ کی سہ پہر کمال پور انٹرچینج کے قریب سدھار بائی پاس فیصل آباد پر چوہدری قمر گل فارم ہاؤس پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت الیکشن کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے پر عزم اور اس سلسلہ میں تمام اقدامات کررہی ہے کیونکہ آزادانہ اور شفاف انتخابات پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر کام نہیں   کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی پارٹیوں نے اپنے دور اقتدار میں شفاف انتخاب کیلئے کچھ نہ کیااور نہ ہی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر کام کیا گیا اس طرح سابقہ حکومتوں نے انتخابی اصلاحات کے متعلق اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی اور الیکشن کمیشن بھی خاموش رہا۔انہوں نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ہیک ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر اپوزیشن سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں مگر یہ بات  واضح ر ہے کہ اگلے انتخابات انشااللہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پورے ملک میں یکساں طور پر موجود ہے اور اس کے قائد عمران خان ہیں جنہیں پنجاب، سندھ، بلوچستان، کے پی کے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ہر جگہ پذیرائی مل رہی ہے مگر اس کے برعکس باقی جماعتیں ایک ایک صوبے بلکہ چند ڈویژنز و اضلاع تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ایک ہی سکے کے دو نہیں بلکہ ایک ہی رخ ہیں جن میں سے ایک گالیاں نکالتا اور دھمکیاں دیتا جبکہ دوسرا پاؤں پڑتا ہے لیکن یہ دونوں جو مرضی کرلیں انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پی ٹی آئی انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے اسلئے سب سے زیادہ ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوتی ہے کہ وہ شفاف انتخابات کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال ممکن بنائے۔  انہوں نے کہا کہ پہلے جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کی گئی تھی اس کا بار بار تجزیہ کیا گیا اور اس میں جو خامیاں سامنے آئیں انہیں دور کیا گیا ہے جبکہ یہ مشین میڈیا اور دیگر اداروں کو بھی نہ صرف دکھائی گئی ہے بلکہ چھوٹے چھوٹے اداروں کے انتخابات میں اس کا تجربہ بھی کیا گیا اور اس میں  بہتری لاکر اب اسے پرفیکٹ بنادیا گیا ہے لیکن وہ پھر بھی الیکشن کمیشن سمیت اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر بیٹھیں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو بار بار چیک کریں اور اگر کسی جگہ پر کوئی کمی بیشی محسوس ہوتی ہے تو اسے دور کروائیں لیکن اگر کوئی یہ چاہے کہ اسے ماضی کی طرح انتخابی دھاندلی کا موقع دینے کیلئے الیکشن  الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بغیر ہوں تو ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو محترمہ مسلم لیگ ن کی ترجمان بنی پھرتی ہیں وہ کسی حلقہ سے کونسلر نہیں بن سکتیں اور ان کی واحد اہلیت بڑی باجی کے جوتے اور ان کے بیگ اٹھانا ہے مگروہ خود کو نیشنل لیڈرسمجھ رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہورہی ہیں لیکن موصوفہ وہ دن بھول رہی ہیں جب ان کی بڑی باجی عملی طور پر الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہورہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب دوغلے معیار نہیں چلیں گے اور نہ ہی نسل در نسل خاندانی خدمت پر ما مور ہونیوالوں کی کوئی بات سنے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ہو، جاوید لطیف ہو یا کوئی اور وہ جونہی کوئی بات کرتے ہیں یہ موصوفہ فوری اس کی تردید کردیتی ہیں لیکن کوئی گالی نکالے یا پاؤں پڑے وہ اب کسی کو بیوقوف نہیں بناسکتے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اسلئے جہاز پر سفر نہ کرے کہ وہ گر جائے گا، کاروں،بسوں، ویگنوں پر سفر نہ کرے کہ ان کا یکسیڈنٹ ہوجائے گا، کوئی بجلی کی چیزیں اسلئے استعمال نہ کرے کہ کرنٹ لگ جا ئے گا،کوئی شیو اسلئے نہ کرے کہ بلیڈ لگ جا ئے گا اور کوئی اسلئے شادی نہ کرے کہ گھر میں لڑائی ہوا کرے گی یہ با لکل احمقانہ سوچ ہے ویسے ہی جیسے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بلاجواز اعتراضات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ محکمہ مال میں اصلاحات لانے اور فرد کمپیوٹرائز کرنے کے منصوبوں پر تو اربوں روپے خرچ کردیں مگر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو قبول نہ کریں ایسا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ چوروں ڈاکوؤں اور لٹیروں نے ماضی میں ہمیشہ دھاندلی سے الیکشن جیتے اور انہیں ڈر ہے کہ اگر الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوئے تو وہ دھاندلی نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم آئینی اداروں کا مکمل احترام کرتے ہیں لیکن ہمیں بھی ان سے امید ہے کہ وہ آئین اور قانون کے مطابق ہی اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔