اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے دروازے کھلے ہیں ۔
بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم کا سعودی عرب کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مشکل حالات میں تعاون کیا ہے، سعودی عرب اور پاکستان کی ایک دوسرے سے محبت کو پوری دنیا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی وزارت سرمایہ کاری کی جانب سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی جس میں سعودی عرب کے 500 سے زائد بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ممتاز بزنس مینوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی ہوئی، گرین پاکستان، گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطیٰ کے حوالے سے آپ دیکھیں گے کہ آئندہ چند ماہ میں اس حوالے سے بہت بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ وفود کے تبادلے کا سلسلہ بھی شروع ہو رہا ہے، ایسے حالات میں جب پوری دنیا میں معیشت مشکلات کا شکار ہے ایسے ہی پاکستان کی معیشت کو بھی مشکلات کا سامنا تھا، سعودی عرب نے ایک بار پھر تیل کے حوالے سے اور سٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالر رکھنے کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران کویت، بحرین، عراق، سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بہترین ہو رہے ہیں۔











