فیصل آباد۔9فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں فیصل آباد ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے کیلئے اتنی بڑی رقم خرچ کرنا آسان بات نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ صحت کارڈ پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق بنانے کے سلسلہ کی کڑی ہے، کسی صوبہ کیلئے 400 ارب روپے کی ہیلتھ انشورنس فراہم کرنا آسان نہیں، 74 سالہ تاریخ میں کتنے ہی صدر اور وزیراعظم آئے لیکن کسی نے عوام کو یہ سہولت فراہم کرنے کے بارے میں نہیں سوچا، غریب لوگ کینسر اور امراض قلب سمیت جب مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں تو علاج کا خرچ برداشت نہ کرنے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں لیکن اب ریاست نے عوام کی صحت کی ذمہ داری لے لی ہے اور غریب لوگ اس صحت کارڈ کی بدولت کسی بھی ہسپتال سے اپنا علاج کرا سکیں گے۔











