پاکستان تحریک انصاف  نے جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کا عزم کر رکھا ہے؛ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک  

29

ملتان، 19 فروری (اے پی پی ): صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک  نے کہا ہے  کہ پاکستان تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور باالخصوص صحت کے شعبہ میں تیزی سے ترقیاتی منصوبوں کا نہ صرف افتتاح بلکہ ان کو جلد از جلد مکمل کرنے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چار سال بعد نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹیسٹری میں آپریشن تھیٹر فعال کرنے کے موقع پر کیا۔ ان کا   کہنا تھا کہ نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹیسٹری میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے باسیوں کو مفت دانتوں کے  علاج کی سہولیات کو آگے بڑھاتے ہوئے آپریشن تھیٹر کا فعال ہونا نعمت سے کم نہیں ہے جس میں ڈینٹیسٹری انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ کا کردار قابل تعریف ہے۔

افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف پرنسپل نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹیسٹری پروفیسر ڈاکٹر امجد باری ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب امجد شعیب ترین ،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج ،پی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر منظور نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹیسٹری میں مریضوں کو علاج کی بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کرتے رہیں گے ،صدر پی ایم اے ملتان نے مطالبہ کیا کہ  نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹیسٹری میں جو فیکلٹی کی کمی ہے ڈاکٹرز ہاسٹل موجود نہیں ہے جبکہ طلبا کی تعداد بھی صرف 65 ہے جو کہ لاہور کی طرز پر 100 ہونی چاہئے جس پر موقع پر موجود وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب امجد شعیب ترین نے تمام مطالبات اور مسائل جلد حل ہونے کی یقین دہانی کروائی۔تقریب میں ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔

سورس: وی  این  ایس، ملتان