اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی،اصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی ملاقاتیں تحریک عدم اعتماد کا حصہ ہیں ۔
اسد عمر نے کہا کہ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں خط کیوں نہیں دکھایا جارہا، کچھ راز قومی نوعیت کے ہوتے ہیں، وزیر اعظم نے مجھے کہا ہے کہ اگر کسی کوئی شک ہے تو ہم یہ خط سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو دکھانے کو تیار ہیں، ان پر سب کو اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اجازت نہیں ہے کہ اس خط میں لکھے ہوئے الفاظ بتاسکوں لیکن کلیدی باتیں دہرا دیتا ہوں، وہ حصہ جو عدم اعتماد سے جڑتا ہے اس کی اہم باتیں کیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مراسلے کی تاریخ عدم اعتماد تحریک پیش ہونے سے قبل کی ہے، یہ اہم اس لئے ہے کہ اس مراسلے میں براہِ راست تحریک عدم اعتماد کا ذکر ہے،اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس میں دو ٹوک الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ اگر عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہوتی اور عمران خان وزیر اعظم رہتے ہیں تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے۔











