مظفرگڑھ،27اپریل (اےپی پی): پاک فوج سے اظہاریکجہتی کے سلسلے میں سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے 6 افسران کی قیادت میں کمپری ہینسیو ہائی سکول مظفرگڑھ سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی،ریلی میں سرکاری سکول کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی انہوں نے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔
اساتذہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج ملک قوم کی حفاظت کیلئے نہ صرف ملک کی سرحدوں پر اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے بلکہ ملک میں مستقل قیام امن کیلئے بھی اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج سرد راتوں میں گلیشیئر پر،سنگلاخ پہاڑوں پر،فضامیں،سمندروں پر جا گ رہی ہوتی ہے تو ہم آرام کی نیندسوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ہمارا تن من دھن پاک فوج کیلئے ہے۔
ریلی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن شاہد سیال،ذوالفقار ندیم سمیت مختلف سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور طلبا ء نے شرکت کی۔











