عمران نیازی ترقیاتی منصوبوں کی بجائے سیاسی مخالفین کو جیل بھجوانے میں مصروف رہے ؛ وزیر اعظم محمد شہباز شریف

8

لاہور، 22 مئی ( اے پی پی ): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےاتوار  کو یہاں   کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ  کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو  میں کہا ہے   کہ گزشتہ تین سال ضائع کئے گئے، ایک سال میں نرسنگ یونیورسٹی کو مکمل کیا جائے گا،عمران نیازی ترقیاتی منصوبوں کی بجائے سیاسی مخالفین کو جیل بھجوانے میں مصروف رہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کو اپنے دور  میں  گالم گلوچ سے فرصت نہیں تھی۔ پاکستان کے مایہ ناز سرجن ملک سے باہر چلے گئے ۔ ہسپتال کی اربوں روپے کی جدیدترین مشینری بند پڑی رہی ،عمران نیازی نے 3سال ضائع کئے ، ہسپتال پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے کئی مریض جاں سے چلے گئے ،ماضی میں ہسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچانے پر قوم عمران نیازی کو معاف نہیں کرے گی ۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں عوام مہنگائی کی چکی میں پس گئے ،غریب آدمی رل گیا ، چینی 52روپے سے 100روپے تک پہنچ گئی ، صاف پانی کے پلانٹ بند ہوگئے ، نیا پاکستان اور نئی امید دلانے کی  بات کرنے والے نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک بھی مثبت قدم نہیں اٹھایا، پچاس لاکھ گھر، اور ایک کروڑ  نوکریوں کے وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ۔

 ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی کے کہنے پرشہزاد اکبر نے نیب کے عقوبت خانے میں مجھے زمین پر سونے پر مجبور کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں انہوں نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کرنے کیلئے کہا تھا لیکن اس پر کام نہ ہوا ۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ عمران نیازی ملک میں خانہ جنگی چاہتا ہے تو اس کی بھول ہے توہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہو گی تو ملک آگے چلے گا ۔عمران نیازی جو زہر عوام میں گھول رہا ہے اس کی بھاری قیمت اس کو چکانا پڑے گی،پاکستان کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے والے کا نام عمران نیازی ہے ۔

سورس:وی  این ایس،  لاہور