لاہور،24مئی ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی پولیس لائنز آمد پی ٹی آئی کے عہدیدارکے گھر ڈیوٹی کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شہید کانسٹیبل کمال احمد کی روح کے ایصال ثواب اوردرجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شہیدکانسٹیبل کمال احمد کے بیٹے اوربھائیوں سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس آپ کے ساتھ اظہار افسوس کے لئے الفاظ نہیں جن لوگوں نے یہ ظلم کیا ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچاؤں گا۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شہید پولیس اہلکار کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید پولیس اہلکار کمال احمد نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی قیمتی جان کا نذرانہ دیا، 5بچوں کے شہید باپ پولیس کانسٹیبل کمال احمد قوم کا ہیرو ہے، قوم کو بہادرسپوت کی عظیم قربانی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت شہید کانسٹیبل کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے ،سوگوار خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
خواجہ سلمان رفیق، عطا اللہ تارڑ،عمران گورایہ،طلحہ برکی،مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران،انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او لاہور،ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر اعلیٰ افسران نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔











