ملتان، 5جون(اے پی پی): پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے مابین ون ڈے میچز کی سیریز کے لئے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز اتوار کی چھٹی کے باوجود اسٹیڈیم کو چمکانے میں مصروف ہیں۔
اسٹیڈیم کے مختلف پولینز میں لگی نشستوں کو واش کردیا گیا ہے اور کرکٹ اسٹیڈیم کی پارکنگ اور لانز کی صفائی ستھرائی مکمل کرلی گئی ہے جبکہ اسٹیڈیم سے وہاڑی چوک تک روٹ کی صفائی جاری ہے۔
شائقین کرکٹ کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے فاطمہ جناح ٹاون اور قریبی رہائشی کالونیوں کے خالی پلاٹوں کو بھی ہموار کیا جارہا ہے۔
صفائی کا جائزہ لینے کے لئے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور صفائی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچوں کے دوران کمپنی ورکرز اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے تاکہ کرکٹ میچ کے اختتام کے فوراً بعد کرکٹ اسٹڈیم میں صفائی کا عمل شروع کیا جاسکے۔











