اسلام آباد،6جون (اے پی پی):پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک سے رابطے میں ہے، دو دن بعد ہم تمام اسلامی ممالک کے سفراءکا کنونشن منعقد کر رہے ہیں، جمعہ کویوم حرمت رسولﷺ منایا جائے گا۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج پورا عالم اسلام عالم اضطراب میں ہے، بھارت میں مودی حکومت کے کچھ عہدیداروں نے نبی کریم ﷺکی توہین کی ہے جو ناقابل قبول ہے، عرب ممالک میں ایک ہی آواز بلند ہوئی ہے، ناموس رسالتؐ پر کچھ بھی قبول نہیں کیا جا سکتا، اس حوالے سے سارے اسلامی ممالک نے اس کا سخت ردعمل دیا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مطالبہ کیا کہ ہندوستان فوری طور پر امت مسلمہ سے معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے جن خیالات کا اظہار کیا وہ پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے، ہماری جان، مال اور عزت سے زیادہ ہمارے پیارے نبیﷺ کی حرمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب ،اسلامی دنیا اور دیگر باقی جگہوں پر ہر امن پسندملک بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے ہمارے آقا حضرت محمد ﷺکی ناموس سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ہے، کل سے پوری دنیا کو ایک واضح پیغام دیا گیا ہے۔
پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ اس واقعہ کی شدید مذمت کر رہے ہیں، ہم تمام اسلامی ممالک سے رابطے میں ہیں، دو دن بعد ہم تمام اسلامی ممالک کا ایک کنونشن منعقد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب توہین کے حوالے سے اس جرم کو جرم قرار نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کے دن خطابات میں اس مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا، ہم سعودی عرب، قطر، مصر اور باقی ممالک اور او آئی سی کے مشکور ہیں، امید ہے ہمارے وزیر خارجہ بلاول بھٹو اس مسئلے پر مشاورت کریں گے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمارا کام جدوجہد کرنا ہے، ہم نے اقوام متحدہ میں اس بات کر منوا لیا ہے اسے جرم قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ناظم الامور کو بلا کر سخت احتجاج کیا ہے، ایسا ردعمل ہمیں پہلے کم دیکھنے کو ملا ہے جیسا اب آ رہا ہے، حکومتی سطح پر امید ہے ایک موثر حکمت عملی سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری مسلم امہ کا ہے، شیخ الازہر سے مفتی اعظم تک سب نے سخت ترین ردعمل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقتاً فووقتاً توہین رسالت کاجو سلسلہ ہوتا ہے اس کو ختم کروانے کے لئے عالمی سطح پر جو جدوجہد کی جا رہی ہے اسےہمیں پرامن اور منظم انداز سے آگے لےکر جانا ہے۔











