لاہور، 11 جون ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ایک قدیمی اور معیاری درس گاہ ہے، کورونا وبا کے دوران کنگ ایڈورڈ میڈیکل کے ٹیلی میڈیسن سنٹر کا کردار قابل ستائش ہے، کنگ ایڈورڈ کے شعبہ ٹیلی میڈیسن کی آگاہی سے عوام کو فائدہ ہو گا ،بطور چانسلر تمام یونیورسٹیوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں، ایک میڈیکل پروفیشنل کا ڈاکٹر کے ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی ہونا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام تر معاشی مشکلات کے باوجود تعلیم اور صحت کو ترجیح دی جا رہی ہے،چانسلر ہونے کے ناطے آپ کے تمام تر اقدامات کو سراہتا ہوں، ٹیم سپرٹ کے ساتھ کام کرنے سے اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی خالد مسعود گوندل ،پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، ڈینز، ممبران اکیڈیمک کونسل اور ایم ایسز بھی موجود تھے۔وائس چانسلر خالد مسعود گوندل نے کورونا وبا کے دوران یونیورسٹی اور ہسپتالوں کی خدمات پر روشنی ڈالی۔











