موجودہ حکومت نے عوام کو سستا گھی، آٹا اور چینی کی فراہمی یقینی بنائی؛وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی میڈیا بریفنگ

8

اسلام آباد،16جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ عمران حکومت میں ملک دیوالیہ ہونے جارہا تھا، اتحادی حکومت ملک میں معاشی استحکام لے کر آئی ہے ،  موجودہ حکومت نے عوام کو سستا گھی، آٹا اور چینی کی فراہمی یقینی بنائی ہے ۔

ہفتہ کو وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ معاشی استحکام عوامی خوشحالی اقتصادی جائزہ کے حوالے سے میڈیا بریفنگ  میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے  کہا   کہ

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طر ف سے پٹرولیم مصنوعات پر آخری دنوں میں سبسڈی دینے سے معاشی صورتحال خراب ہونے کی بات کی جاتی ہے لیکن صرف سے اس سبسڈی سے نہیں بلکہ پونے چار سال کی مسلسل ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا اور توانائی کا شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تھا۔

 مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے اتحادیوں نے مشکل معاشی حالات کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جس سے مہنگائی کی ایک اور لہر آئی اور نہ چاہتے ہوئے بھی ہمیں یہ فیصلے اس لئے لینے پڑے کیونکہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آج ہم ان مشکل فیصلوں کی وجہ سے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور ملک میں معاشی استحکام آنا شروع ہوگیا ہے۔