عمران خان احسان فراموش ہیں، سیاست میں ان کا مقابلہ کریں گے ؛وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق

21

لاہور، 22 جولائی ( اے پی پی ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان ہر حال میں ملک کے تمام اداروں پر اپنا قبضہ چاہتے ہیں، عمران خان احسان فراموش ہیں، سیاست میں ان کا مقابلہ کریں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر  نے کہا کہ سیاسی کشمکش اپنے عروج پر ہے ہمارا مقابلہ عادی ووٹ چوروں سے ہے ۔عمران خان نے 2018 کے انتخابات اور بعد میں ضمنی انتخابات میں ڈٹ کر ہارس ٹریڈنگ کی،جلیل شرقپوری اور فیصل نیازی کو کس اصول کے تحت توڑا گیا اور تصاویر بناکر بڑے فخرسے کہا جاتا ہے کہ ہم نے ان کے بندے توڑے ہیں یہ منافقانہ رویہ پوری قوم دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش ہے کہ پاکستان اپنے قدموں پے کھڑا نہ ہو کبھی د ھمکی دیتاہے کہ پاکستان سری لنکا بن جائیگا، ملک ٹوٹ جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کیا قصور تھا ہم نے آئین کے مطابق اس کیخلاف عدم اعتماد کیا ۔اب یہ اداروں کے خلاف باتیں کرتا ہے اس کے گناہوں کا بوجھ ہم نہ اٹھاتے تو کون ا ٹھاتا، موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔

سعد رفیق نے کہاکہ عمران خان کے گناہوں کی سزا اسے ضرور ملے گی،اس کے ہر دھوکہ  اور سازش  کو بے نقاب کریں گے، عمران خان سوشل میڈیا بریگیڈ بنا کر دوسروں کو نیچا نہیں دکھا سکتا ۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کہا کہ وہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد کریں قوم جواب مانگتی ہے یہ شخص قابل بھروسہ نہیں ہے اس نے ہمیں اپنے دور اقتدار میں جیلوں میں ڈالا ،جھوٹے مقدمات بنائے جبکہ ہم نے اس طرح کا کوئی کام نہیں کیا ،ہم اس کا مقابلہ سیاست کے میدان میں کریں گے، جب یہ آئین توڑنے کی بات کرتا ہے تو ہمیں مجبور ا بات کرنا پڑتی ہے ۔

 وفاقی وزیر  نے کہا کہ عمران خان احسان فراموش ہے، 2013کے انتخابات میں خیبر پختونخواہ میں مسلم لیگ (ن)اور جے یو آئی (ف)ملکر حکومت بنا سکتے تھے لیکن نواز شریف نے کہا کہ کے پی کے پی ٹی آئی کو موقع ملنا چاہئے حالا نکہ ان کے پاس  سادہ اکثریت تھی اور مرکز میں ہماری حکومت تھی لیکن نواز شریف نے جمہوری رویہ اپناتے ہوئے پی ٹی آئی کو کے پی کے میں حکومت بنانے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان  چوہدری  پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑ اڈاکو کہتا تھااور ا سیکو وزیر اعلیٰ کیلئے نامزدکردیا ،کبھی کسی نالائق کو وزیر اعلیٰ بنایا اور ہٹ دھرمی پر قائم رہا کہ یہی وزیر اعلیٰ رہے گا،اس نے اپنی جماعت کے ارکان  کو بھیڑ بکریاں سمجھا ہوا ہے جو اس کی پالیسیوں سے اختلاف کرے اسے لوٹا کہہ کر ذلیل کرتا ہے۔