عمران نیازی مسلسل انتشار کی سیاست کررہے ہیں، ہم ملک کو سری لنکا بننے سے بچا رہے ہیں؛ وفاقی  وزیر احسن اقبال

11

لاہور،23جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ   عمران نیازی مسلسل انتشار کی سیاست کررہے ہیں، ہم ملک کو سری لنکا بننے سے بچا رہے ہیں،آج وہ شخص اخلاقیات کا درس دیتا ہے جس نے پاکستان کے ہر اخلاقی ضابطے کو روندا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو  یہاں ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ     عمران نیازی پاکستان میں انتشار کی سیاست کررہاہے، صبح و شام کہتا ہے پاکستان سری لنکا بنے گا عمران نیازی ملک کو سری لنکا کے راستے  پرڈالنے کے نعرے بھی  لگاتا ہے ۔آج عمران نیازی سوشل میڈیا کے زریعے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔سوشل میڈیا پر کردار کشی کیلئے خیبرپختونخواہ میں 1400 افراد بھرتی کیے گئے ہیں جنہیں سرکاری خزانے سے تنخواہ دی جارہی ہے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ مخدوش سیاسی حالات میں ہماری حکومت نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا،ہم نہیں چاہتے ملک کو انتشار کی طرف دھکیلا جائے۔ انہوں نے   کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے آخری تین ماہ میں وزارت خزانہ نے ترقیاتی بجٹ کی قسط جاری کرنے سے انکار کردیا تھا عمران خان کس منہ سے معیشت کی ذبوں حالی کا ذکر کرتے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو چار سال کی کارکردگی کا جواب دینا ہوگا۔ کراچی سے پشاور تک وہ کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں کہاں گیا پاکستان کا ترقیاتی فنڈ وہ پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں؟ کیا آپ غیرت کا  درس دے کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈال لیں گے؟آپ نے بلوچستان فاٹا کے طالبعلموں کے سکالرشپس بند کئے۔ہم عمران نیازی کے بوئے ہوئے کانٹے چن رہے ہیں ،پاکستان کو سری لنکا بناناعمران نیازی کی بھول ہے۔