پاکستان کے لوگ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے ؛ رہنما مسلم لیگ(ن) طلال چوہدری  

20

لاہور،23جولائی  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں عمران خان سلطان راہی بن کر فیصلے اپنے حق میں لینا چاہتے ہیں ،پاکستان کے لوگ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔

  وہ ہفتہ کے روز یہاں ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔طلال چوہدری نے کہا کہ گذشتہ آٹھ سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آیا، انٹرنیشنل فنڈنگ سیکنڈل بی آر ٹی پر سٹے دیئے جا رہے ہیں، جاوید اقبال کو بلیک میل کر کے ہمارے لوگوں کو کال کوٹھریوں میں بند کیا گیا،جج ارشد ملک کو ذاتی زندگی کی فلم دیکھا کر من پسند فیصلے لئے گئے  جس کی آج بھی نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)سزا بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب دوہرا معیار نہیں چلے گا، آئین کے آرٹیکل 62، 63کی تشریح صرف عمران کے حق میں دی جائے، پارلیمنٹ کو ان کا کام کرنے دیا جانا چاہئے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین پارٹی کے صدر ہیں ان کے جاری کئے گئے ٹکٹ پر ایم پی ایز الیکشن لڑا جس کی تصویر والے لیٹر ہیڈ پر پارٹی کے تمام فیصلے ہوتے تھے آج اسے مانا نہیں جارہا، کیا انصاف صرف ان کو چاہئے جو بک گئے۔انہوں نے کہاکہ جب تک چوہدری شجاعت حسین  عمران خان کے ساتھ تھے تو سب ٹھیک تھا آج علیحدا ہوئے تو غلط ہوگیا،25لوگ اسی فیصلے کی وجہ سے نااہل ہوئے۔

  پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ اگر اس پر مزید قانون سازی کی ضرورت ہے تو پارلیمنٹ کو اس پر کام کرنے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نوجوان نسل کو تباہ کردیا، ان کی ہر بات گالی سے شروع ہوتی ہے، جن کے ان پر احسانات تھے انہیں بھی طرح طرح کے القابات دیئے گئے،اگر انصاف کا پیمانہ ایک نہ ہوا تو مجبور ہو کر ہمیں عمران خان والا رویہ اپنانا پڑے گا،اب ہم اپنا حق چھین کر لیں گے،عمران خان ایکس اور وائے کی باتیں کرتا تھا کل اس نے زیڈ بھی دیکھ لیا اس کا انقلاب ہم نے چند گھنٹوں میں گھرواپس بھجوادیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ اگر نگران حکومت فوری آسکتی تو ہم فوری الیکشن کی طرف چلے جاتے لیکن پاکستان ڈیفالٹ ہورہا تھااس لیے ہم نے ملک بچانے کیلئے اپنی سیاست کو داؤ پر لگایا اور آج ہمیں اس کی سزا دی جارہی ہے۔