پشاور،5اگست(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن پشاور کے زیر اہتمام مزید 20 نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کر لی گئی ہیں ۔الخدمت فاؤنڈیشن پشاور کے تحت اب تک نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی سہولت سے مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد 476ہوگئی۔
20 یتیم اورنادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی دعوت ولیمہ تقریب پیراماونٹ کلب نادرن بائی پاس نزد دلہ زاک روڈ پشاور میں الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق تھے۔
اجتماعی شادیوں کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے 20 جوڑوں کو ڈبل بیڈ، واشنگ مشین، بیڈسٹل فین، سنگھارمیز، سلائی مشین، استری، واٹر،چائے اور ڈنر سیٹ سمیت روزمرہ اشیاء کی 60 اشیاء فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر ہر جوڑے کو ایک لاکھ بیس ہزار روپے تک کی ضروری گھریلو اشیاء بھی فراہم کی گئیں۔اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کے جملہ اخراجات مخیر شخصیات نے سپانسر کئے تھے جبکہ اس موقع پر 20 جوڑوں کے عزیز واقارب اور دوست احباب پر مشتمل 1000سے زائد مہمانوں کے لئے دعوت ولیمہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عتیق الرحمن، الخدمت پشاور کے سرپرست اعلی جسٹس ریٹائرڈ غلام محی الدین، ایڈوکیٹ سریم کورٹ،سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان، تقریب کے چیف آرگنائزر الخدمت فاؤنڈیشن کےضلعی صدرارباب عبدالحسیب اور ضلعی جنرل سیکرٹری انجینئر افتحار احمد سمیت معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔











