نارووال،04ستمبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرشاہدفرید کی زیر صدارت ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کااجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران ممبران کی مشاورت سےروزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کاتعین کیاگیا۔
ڈپٹی کمشنرشاہدفرید نے اس موقع پرکہاکہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں عوام کو ریلیف دینے اور گراں فروشوں کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں پوری طرح متحرک ہے،روزانہ کی بنیاد پرسبزیوں ،پھلوں اور دیگر اشیاءکی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کیلئے سبزی منڈیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے استحکام پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔
ڈپٹی کمشنرشاہدفرید نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ دوکاندار حضرات کو کریانہ آئٹم سمیت سبزی اورپھل کی ریٹ لسٹیں بروقت پہنچائیں تاکہ دوکاندارحضرات صارفین کومقررہ نرخوں کے مطابق اشیاء فروخت کرسکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)جویریہ مقبول،ڈی اوانڈسٹریزذیشان نیاز،اےڈی زراعت احسان الحق چوہدری،اے ڈی ایل لائیوسٹاک ڈاکٹرمحمد سعید،ڈی آئی او احسان الحق چوہدری،اے ایف سی عیش بہادرخاں،ای اے ڈی اے علی طاہر،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ملک مظفرارشاد،صدرانجمن کریانہ مرچنٹ شاہجہان بٹ،حاجی رانامحمد الطاف،حاجی محمدمقبول ،صدرنان ایسوسی ایشن محمد یونس،محمدجاوید،ضلعی صدربیکری ایسوسی ایشن میاں محمدشاہد،صدرقصاب ایسوسی ایشن غلام رسول ودیگرپرائس کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔











