کوئٹہ۔ 05 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مراد خان کاسی نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں میں پاک فوج اورسول انتظامیہ باہم ملکر امدادوبحالی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں بلوچستان کے پسماندہ ایریاز میں ناقابل رسائی مواصلاتی رابطوں کی بحالی میں پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کررہی ہے، پاک آرمی کی اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن 442 کے بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر فیصل سعود کی سربراہی میں میڈیکل ریلیف ٹیمیں دن رات کام کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پاک فوج کے اہتمام امداد ی و بحالی کی سرگرمیوں کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں فیلڈہسپتال قائم کرنے اور ہمہ وقت عوامی خدمت کے جذبے کی بدولت سیلاب متاثرین کے حوصلے بلند اوروبائی امراض کا بروقت تدارک ممکن ہو گیا ہے، پاکستان آرمی کےجوان بلوچستان کے دورافتادہ بارشوں اورسیلاب سے بےگھر ہم وطنوں کوراشن و دیگرامدادی اشیا فراہم کررہے ہیں فوجی جوانوں نےڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی گائیڈ لائن پر دشوار گزار پہاڑی مقامات پر کئی کلومیٹر پیدل چل کرفیلڈ ہسپتال قائم کئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے کہا کہ پاک فوج اورسول انتظامیہ کی کوآرڈینیشن سے ریلیف ریسکیو آپریشن اور طبی سہولیات فراہمی میں خدمات کو بھرہور طریقے سے عوامی حلقوں میں سراہا جارہا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے اورمتاثرہ عوام کی امدادوبحالی میں پاک فوج کا کردارناقابل فراموش ہے حالت جنگ اورزمانہ امن میں پاک فوج ہمیشہ مشکل وقت ہم وطنوں کیساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اورسیلاب میں بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے شاندارریسکیوریلیف آپریشن پر اہلیان بلوچستان انکے مشکورہیں۔











