فیصل آباد۔25ستمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عوام سے جھوٹ بولنے والے عمران خان کے سارے بیانیے ناکام ہوچکے اور اب وہ ملکی سا لمیت کو داؤ پر لگا رہے ہیں جبکہ مریم نواز ہمیشہ عمران خان کا نشانہ رہیں جس کے بعد اب اسے شہباز شریف اور پاکستان کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی اور وہ مسلسل پاکستان میں سیاسی افرا تفری پیدا کرنے کی کوشش میں مصروف ہے جو کبھی کسی کا گریبان پکڑنے کی کوشش کرتا ہے اور کبھی کسی ادارے کیلئے بلیک میلنگ کی پالیسی اپناتا ہے مگر اگلے ہی لمحے اپنے مقصد میں ناکامی پر یو ٹرن لیتے ہوئے پاؤں پڑنا شروع کردیتا ہے یہی نہیں بلکہ جس پر سازش کا الزام لگاتا ہے اس سے معافی تلافی کیلئے لاکھوں ڈالر دیکر لابیئنگ فرم کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں تاکہ اسے معافی مل جائے اور وہ دوبارہ کسی نہ کسی طریقے سے اقتدار میں آجا ئے لیکن جو صادق اور امین نہ ہو اورتوشہ خانہ کے تحائف کی چوری میں ملوث ہو وہ کیسے دوبارہ پاک صاف ہوکر عوام کو فریب دینے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔اتوار کی سہ پہر فیصل آباد میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کل تک جو مختلف لیکس کی آڑ میں مسلم لیگ کی قیادت اور خصوصاً مریم نواز کو نشانہ بناتا رہا اس کی اپنی لیکس پر بھی اس کے خلاف اسی طرح کاروائی ہونی چاہیے جس طرح دوسروں کے خلاف ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ملک و قوم اور معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کرنیوالے عمران خان کو شہباز شریف اور پاکستان کی کامیابی ہضم نہیں ہوتی اسی لئے وہ کبھی کوئی سازش کرتا ہے اور کبھی کوئی جبکہ اس کا مقصد صرف موجودہ حکومت کو ہٹا کر نئے الیکشن کی آڑ میں اپنے خلاف کاروائیوں کو روکنا ہے لیکن عام انتخابات اسی وقت ہوں گے جب موجودہ حکومت بہتر سمجھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پراسیکیو ٹر عمران خان کے لگائے ہوئے ہیں اور یہ موجودہ حکومت کی عالی ظرفی ہے کہ اس نے انہیں نہیں ہٹایا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ڈالرو ہیرے جواہرات بٹورنے والا آج بھی صادق اور امین ہے لیکن اس کے برعکس بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو نااہل کیا گیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ ماضی میں اسحاق ڈار کی بطور وزیر خزانہ کارکردگی قابل فخر رہی کیونکہ اسحاق ڈار نے اقتصادی ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ پولیٹیکل منیجر کا کردار بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے احتجاج اور لانگ مارچ و شارٹ مارچ کی دھمکیاں ہمیں مرعوب نہیں کرسکتیں اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پرہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نکالنے سے سیاسی عدم استحکام پیدا ہواکیونکہ وہ ایک عوامی اور بین الا قوامی لیڈر تھے اسی لئے غریب کی روٹی تک چھن گئی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کی تا حیات نااہلی کی گئی مگر ان کے برعکس بڑے بڑے جرم کرنیوالا لاڈلا آزاد ہے۔انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی صلاحیتوں کے بارے میں لوگوں کو پتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ آسان نہ تھامگر ملک و قوم کو دیوالیہ ہونے اور بڑی مشکلات سے بچانے کیلئے نواز شریف نے مشکل راستے کا فیصلہ کیا جس کا ہمیں سیاسی نقصان بھی اٹھانا پڑا مگر ہمیں سیاسی سے زیادہ ملک و قوم کا مفاد عزیز ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے عمران خان کے کئے ہوئے تھے مگر اس نے عوام کو اندھیرے میں رکھا۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا ایک سیاسی کیرئیر ہے اورجس مشکل سے مشکل کام کیلئے ڈیوٹی اسحاق ڈار کی لگی انہوں نے اسے ماضی میں بھی خوش اسلوبی سے نبھایا اور اگر آئندہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف ان کی ڈیوٹی لگائیں گے تو وہ اسے بھی احسن انداز میں نبھائیں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ پارٹی میں بہت سیاسی فہم و فراست سے مسائل حل کروائے جارہے ہیں نیزعمران خان سے جو بھی بات ہوگی وہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر اسمبلی میں ہی ہوگی اور ہم اسمبلی سے باہر اس سے کوئی بات نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جو ہمیں یہ طعنہ دیتے ہیں کہ ہماری صرف اسلام آباد کے اندر25 کلومیٹر تک حکومت ہے تو انہیں سن لینا اور یاد رکھنا چاہیے کہ ملک و قوم کے مفاد کے سارے فیصلے اس25 کلو میڑکے اندر ہی اصل حکومت کرتی ہے اسلئے آئندہ بھی جو بھی مذاکرات ہوں گے وہ پارلیمنٹ میں ہی ہوں گے۔











