ملتان؛5 سے 12 سال کے بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر

15

 ملتان، 01نومبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے کہاہے کہ ضلع ملتان میں 5 سے 12 سال کے بچوں کی کورونا ویکسینیشن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اس سلسلے میں مہم کے پہلے روز ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد بچوں کو سیکنڈ ڈوز لگائی گئی جبکہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر کیمپ لگائے گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کورونا مہم پر پیشرفت اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر غلام یسین صابر  نے کورونا مہم پر بریفننگ دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے کہا کہ والدین اور سول سوسائٹی بچوں کی ویکسینیشن کراکے قومی ذمہ داری نبھائیں۔طلباء کی ویکسینیشن نہ کرانے والے تعلیمی اداروں کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے  کہا  کہ عوامی مقامات پر کورونا ویکسینیشن کے ثمرات سے عوامی آگاہی کیلئے بھرپور مہم بھی چلائی جائے اور تمام بچوں کا ریکارڈ آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ بھی کیا جائے۔