جلال پورپیروالہ؛ بچوں کو کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگانے کیلئے 5 روزہ مہم کا آغاز کردیا گیا

13

جلال پورپیروالہ، یکم نومبر (اے پی پی ): جلال پورپیروالہ میں 5 سے 12 سال کے بچے کو کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگانے کیلئے 5 روزہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ، اس مہم میں 135 ٹیمیں اپنے فرائض سرانجام دینگی، جلال پور تحصیل میں1لاکھ 20 ہزار بچوں کو کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگائی جائے گی، اس سلسلے میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کاؤنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے۔

 ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر مبشر جلال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی دوسری ڈوز لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اس سلسلے میں 135 ٹیمیں اپنے فرائض سرانجام دینگی جوکہ سکولوں اور گھر گھر جاکر ان  بچوں کو دوسری ڈوز لگائیں گی جنہیں کورونا کی پہلی ڈوز لگائی گئی تھی، اس مہم میں 1 لاکھ 20 ہزار بچوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر حافظ محمد ناصر نے کہا کہ تمام والدین بچوں کو کورونا کی دوسری ڈوز ضرور لگائیں تاکہ یہ مہم کامیاب ہوسکے اور بچے اس موذی مرض سے محفوظ رہ کر ایک صحت مند زندگی گزار سکیں ۔