گلگت بلتستان کی جشن آزادی کے سلسلے میں ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں تقریب کا اہتمام

18

گلگت،یکم نومبر(اے پی پی): گلگت بلتستان کی جشن آزادی کے سلسلے میں ایف سی این اے  کے زیر اہتمام گلگت ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاک آرمی،جی بی سکاؤٹس  پاک رینجرز ،مختلف سکولوں کے  کے طلباء وطالبات نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور سامعین سے خوب داد وصول کی۔

تقریب کے منتظمین نے گلگت بلتستان کی تاریخ،ثقافت اور خوبصورتی کو مختلف ماڈلز کی شکل میں پیش کیا جسے سامعین نے بہت سراہا۔  تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ  اب کی بار جب ہماری فوج اور قوم بھارت سے چوتھی جنگ لڑے گی تو بات صرف مقبوضہ کشمیر تک نہیں جائے گی بلکہ بات دہلی  تک جائے گی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع شاید تاریخ سے ناواقف ہیں جس طرح کارگل معرکے میں ہمارے مجاہدین بھارت کے اندر تک پہنچ گئے تھے، جس بہادری کا مظاہرہ ہماری افواج نے اب تک کی جنگوں میں کیا ہے اس پر پوری قوم اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا ہے۔کشمیر اور گلگت  بلتستان کی دفاع کیلئے گلگت  بلتستان کے 15 لاکھ عوام ہی کافی ہیں۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ کسی بھی قوم کی کامیابی کا انحصار اس کی محنت پر ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر ہم اس ملک کی ترقی کیلئے محنت نہیں کریں گے تو شہداء کے خون سے بے وفائی ہوگی ۔انہوں نے کہا ہے کہ قومیں وہی زندہ رہتی ہیں جو اپنے آباؤ اجداد  کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہیں ۔اس دن کو اسی شان سے منانے کا مقصد بھی یہی ہی کہ ہماری آ نے والی نسل اس قربانی کو یاد رکھے، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ جس مقصد کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دیں ہیں اس مقصد کو پورا کریں گے اور پاکستان کو اقوام عالم میں عظیم تر ملک بنائینگے  اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب دنیا میں اس ملک کا وہ مقام ہوگا جب بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ہاں میں دنیا کی ہوگی اور پاکستان کی نا میں دنیا کی نا ہوگی کیونکہ یہ ملک عظیم مقصد کے لیے بنا ہے۔اس ملک کو حاصل کرنے کے لیے جو قربانیاں دیں گئیں ہیں وہ معمولی نہیں ہیں۔