وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے لانگ مارچ میں عمران خان پر فائرنگ کے ملزم کو پکڑنیوالے ابتسام کی ملاقات ، 25لاکھ کا چیک دیا

24

لاہور۔11نومبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے وزیر آباد میں لانگ مارچ میں عمران خان پر فائرنگ کے ملزم کو پکڑنے والے ابتسام حسن نے وزیراعلی آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعلی  نے ابتسام حسن کی بہادری اور جرت کی تعریف کی اورانہیں 25لاکھ روپے کا چیک دیا۔وزیراعلی نے کہاکہ ابتسام حسن  نے جان پر کھیل کر ملزم کو پکڑا،آپ کا یہ کارنامہ کسی بھی ترازو میں نہیں تولا جاسکتا، قوم ابتسام حسن کی دلیری کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑ کر بڑا کارنامہ سرانجام دیا اور آپ جیسے بہادر نوجوان پر ناز ہے،آپ کے بروقت ایکشن نے کسی بڑے حادثے سے بچایا۔اس موقع پرابتسام حسن کے ماموں ناصر محمود بھی موجود تھے۔