ملتان؛ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں فیلڈ آپریشن کی بھرپور  مانیٹرنگ کے لئے ہدایات جاری

9

ملتان، 12نومبر(اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں فیلڈ آپریشن کی بھرپور  مانیٹرنگ کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں،تمام یونین کونسلوں میں ورکرز کی حاضری کی پڑتال سخت کردی گئی ہے۔ ہدایات کے مطابق غیرحاضری پر ورکرز کی تنخواہ کاٹ لی جائے اور اسے شوکاز  نوٹس بھی جاری کیا جائے گا، اسی طرح مشینری کا سو فیصد صحیح استعمال یقینی بنانے کے بھی میکانزم تیار کرلیا گیا ہے،اب گاڑیوں کی نقل حرکت بارے روزانہ ٹریکر پورٹل کی رپورٹ سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو پیش کی جائے گی۔

اس سلسلے میں ہدایات پر عمل درآمد کا آغاز کردیا گیا ہے اور یونین کونسلوں میں ورکرز کی حاضری کی چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔

دوسری طرف حسن پروانہ کالونی، چوک کمہارانوالہ اور قادر پور راں میں گرینڈ صفائی آپریشن کیا گیا اور کچرا اٹھانے کے لئے بھاری مشینری استعمال کی گئی جبکہ ڈپٹی منیجرز نے آپریشن کی خود نگرانی کی۔

اسی طرح گھنٹہ گھر چوک سے پھولوں اور پھلوں کا تمام کچرا اٹھا لیا گیا ہے، شہر کے تمام فلائی اوورز کی ڈسٹنگ اور سکریپنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔