دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022،  پاک فضائیہ کے طیارے شائقین کی توجہ کا مرکز

16

اسلام آباد،17 نومبر(اے پی پی ): کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار، آئیڈیاز 2022 کے گیارھویں ایڈیشن کی تقریبات عروج پر  ہیں۔ ایونٹ کا تیسرا دن ‘پرائیڈ آف پاکستان’ JF-17 تھنڈر اور سپر مشاق ٹرینرطیاروں کے سٹیٹک ڈسپلے میں حاضرین کی خصوصی دلچسپی کے حوالے سے نمایاں رہا۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے پویلین میں دکھائے گئے طیاروں میں غیر ملکی مندوبین اور عسکری حکام نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ حاضرین، مندوبین اور غیر ملکی معززین کو ان طیاروں کے جائزے کے ساتھ ساتھ ان کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں بھی مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔ ڈسپلے میں شامل طیاروں نے اپنے جدید ڈیزائن اور تکنیکی خصوصیات کی بدولت قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعریفیں سمیٹیں۔

نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک( NASTP)  جو کہ انتہائی اہمیت کا حامل ایک قومی منصوبہ ہے،  تقریب میں سب سے زیادہ سراہا جانے والا پروجیکٹ رہا۔ سربراہ پاک فضائیہ کے وژن اور  اقدامات کی بدولت نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا ہے۔

 پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے حاضرین کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پروجیکٹ کے بنیادی عناصر، ذیلی منصوبوں اور مستقبل کے ممکنہ اختراعات کے بارے میں بریفنگ دی۔ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے مختلف پروگراموں کی تصوراتی ویڈیوز دکھائی گئیں تاکہ پروجیکٹ کے تحت قائم کردہ مختلف ونگز کی مجموعی کارکردگی کا خاکہ پیش کیا جا سکے۔

حکومت کے مکمل تعاون اور پاک فضائیہ کی سرپرستی میں نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے پلان میں  جدید ترین اسپیشل ٹیکنالوجی زون (STZ)، ہاؤسنگ، ہائی ٹیک ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز؛ ڈیزائن سینٹرز؛ عوامی، نجی، قومی اور بین الاقوامی ہوا بازی کی صنعت؛ تجارتی اور دفاعی طیاروں، ایوی ایشن لاجسٹکس، ایکسپو سینٹرز کا قیام اور جدید پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے لیے ایم آر او سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔

نمائش میں قومی اور بین الاقوامی سامعین کی جانب سے پروجیکٹ کے وسیع منصوبوں کو سراہا گیا۔یہ میگا ایونٹ مستقبل میں دوست ممالک کے ساتھ دفاعی اور خاص طور پر نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک جیسے منصوبوں میں تعاون کے لیے راہ ہموار کرے گا، اور ڈیزائن، تحقیق، ترقی اور ہوا بازی، خلائی اور سائبر ڈومینز میں جدت طرازی کے لیے، ضروری عناصر سے لیس ایک بہترین ماحول فراہم کرے گا۔

 یہ نمائش بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ میں مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کے لیے ممکنہ خریداروں اور ڈویلپرز کو راغب کرنے میں بھی مدد دے گی۔