گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی کا دور ملکی تاریخ کا سیاہ باب تھا، اب بھی پنجاب کا یہی حال ہے؛ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

16

شیخوپورہ،16 دسمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی کا دور ملکی تاریخ کا سیاہ باب تھا اب بھی پنجاب کا یہی حال ہے۔

ان خیالات کا اظہار  وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے شرقپور کے علاقہ عیسن میں لنک روڈ کے  افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے  خطاب میں کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عیسن لنک روڈ وفاقی حکومت کے فنڈز سے تعمیر ہوگی، سڑک پر  پانچ کروڑ روپے لاگت آ ئے  گی جو دو ماہ میں مکمل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ عیسن لنک روڈ سے علاقہ کے درجنوں دیہاتوں کے ہزاروں افراد مستفید ہونگے۔

 رانا تنویر حسین نے کہا کہ چار سال پی ٹی آئی کے بجائے ہماری حکومت ہوتی تو پاکستان میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہ رہ جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر ملک سے مخلص ہے اس میں پاکستانیت ہے تو اسے چاہیئے جو تماشا لگایا ہے فوری بند کر دے ۔ ہم پاکستان کی معاشی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن عمران خان چاہتا ہے کہ پاکستان نیچے اور ڈوبتا جائے ۔