ایبٹ آباد ،17 دسمبر(اے پی پی ):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہزارہ ڈویژن پاکستان مسلم لیگ نوازکا گڑھ ہے اورپی ایم ایل( ن) یہاں سے 2023 کے عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔
ہفتہ کو یہاں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )ہزارہ ڈویژن کی سب سے مضبوط اور مقبول ترین سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہزارہ ڈویژن کے عوام کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لیےریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے نواز شریف حکومت کی طرف سے مکمل کی گئی ہزارہ موٹروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہزارہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے لوگوں کو معیاری مواصلاتی سہولیات فراہم ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹروے ہزارہ کے لوگوں کے لیے نواز شریف کا تحفہ ہے جس سے کے پی میں بالعموم اور ہزارہ ڈویژن میں بالخصوص تجارت اور سیاحت کو فروغ ملا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبے کے موجودہ نااہل حکمران اپنے 9 سالہ طویل عرصہ خیبرپختونخوا اور مرکز میں چار سال کی حکومت کے دوران عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ اور پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیسز نے عمران خان کی کرپشن اور جھوٹ پر مبنی سیاست کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے نہ تو 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ پورا کیا اور نہ ہی 10 ملین لوگوں کو نوکریاں دی ہیں ،عمران تمام محاذوں پر ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں خیبرپختونخوا میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے۔
پی ایم ایل این کے پی کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عام انتخابات آئین کے مطابق ہوں گے اور موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کے ورکرز کنونشن میں پی ایم ایل این ہزارہ کی پوری قیادت کی موجودگی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ہزارہ میں پارٹی وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نواز شریف کے کارکن ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، موٹرویز کا جال بچھا کر پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ کیا۔
امیرمقام نے کہا کہ پی ایم ایل این کی نائب صدر مریم نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت، منشیات کیس میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ڈیلی میل کی وزیراعظم شہباز شریف سے معافی ان کی بے گناہی کی گواہی ہے۔ امیرمقام نے کہا کہ ڈیلی میل کی جانب سے وزیر اعظم سے معافی کا جشن منانے کے لیے پشاور، مردان اور سوات میں ورکرز کنونشنز کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ایم ایل این سے بڑی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اور وہ آئندہ عام انتخابات میں توشہ خانہ کے لٹیروں کو مسترد کر دیں گے۔
کنونشن میں لیگی رہنماوں مرتضی جاوید عباسی، سردار اورنگزیب نلوٹا، عنایت اللہ جدون سمیت ن لیگ کی تمام قیادت اور پارٹی کے تمام ونگز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔











