خواتین کے حقوق کاقومی دن، عورتوں کو ا ن کے حقوق دیئے بغیر  ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا  ،مسعود احمد قریشی

34

میرپورخاص، 23 دسمبر( اے پی پی): ریجنل الیکشن کمشنر مسعود احمد قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مردوں کی  آبادی کے تناسب سے عورتوں کی آبادی کی شرح 50 فیصد سے زیادہ ہے  عورتوں کو ا ن کے حقوق دیئے بغیر  ہمارا معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا  اس امر کا اظہار انہوں نے خواتین کے حقوق کے قومی دن کے موقع پر ورکنگ وومین کے حقوق کے سلسلے میں ریجنل الیکشن کمشنر آفس میرپورخاص میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں بھی  عورتوں کے حقوق کا خیال کیا گیا ہے ہم سب کو مل کر ان کے حقوق کے لیئے آواز اٹھانی چاہیئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نوید عزیز،  ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غوث محمد پٹھان،سول سوسائٹی ایکٹیوسٹ محمد بخش کپری، ایجوکیشنلسٹ و ممبر ڈبلیو ڈبلیو اے رضیہ بیگم، عزیز بانو، سامی فاؤنڈیشن کی رابعہ قریشی، رابعہ جٹ، سابقہ کونسلر افشین اقبال، فوزیہ، ایجوکیشنلسٹ عدیلہ خان سمیت  تمام شرکاء نے ورکنگ وومین کے حقوق کے سلسلے میں لی گئی کوششوں سے آگاہ کیا اور  کام کرنے والی جگہوں پر عورتوں کے ساتھ درپیش آنے والے مختلف مسائل پر بات چیت کی۔  انہوں نے کہا کہ لیبر قوانین پر عمل درآمد کرایا جائے تمام اداروں میں عورتوں کے الگ واش رومز کے انتظام  کے لیئے آواز اٹھائی جائے،  پرائیویٹ سیکٹر میں عورتوں اور مردوں کی تنخواہ کے فرق کو ختم کرایا جائے، ہراسمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، عورتوں کو جنرل الیکشن لڑنے کا مواقع مہیا کیا جائے،  عورتوں کو ہراسمنٹ ایکٹ  کے متعلق  مکمل معلومات فراہم کرنے کے مختلف ذرائع استعمال کیے جائیں، نصاب میں ہراسمنٹ ایکٹ 2010 کو شامل کیا جائے، ہراسمنٹ بورڈ کا انعقاد کیا جائے سندھ حکومت کی جانب سے عورتوں کی ہراسمنٹ کے حوالے سے بنائے گئے قانون پر عمل درآمد کرایا جائے، تمام اداروں میں عورتوں کی  ٪33 کوٹہ کے تحت بھرتیاں کی جائیں ۔

اجلاس میں رائے دی گئی کہ عورتوں کے حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تمام اداروں کو خطوط ارسال  کیے جائیں  کہ وہ ہمیں  اداروں میں عورتوں کو ہراسمنٹ ایکٹ 2010 کی مکمل آگاہی  کے لیے چھوٹے چھوٹے سیمینار کرانے کی اجازت دیں تاکہ وہ اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف خود آواز بلند کر سکیں جب کے  تمام شرکاء کے جانب سے عورتوں کے حقوق کے سلسلے میں ان کے ساتھ قدم بہ قدم ساتھ چلنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔