نوشہرہ ورکاں؛ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کی زیر صدارت پہلی ڈیجیٹل مردم شماری بارے جائزہ اجلاس

18

نوشہرہ ورکاں،01جنوری( اے پی پی): ملکی تاریخ میں پہلی بار ساتویں مردم اور خانہ شماری مکمل طورپر ڈیجیٹل ہوگی۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سائرہ عمر  کی زیر صدارت اجلاس میں گوجرانوالہ ضلع میں مردم و خانہ شماری  کے  انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیتے ہو ئے متعلقہ افسران اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس اہم قومی ٹاسک کو ذمہ داری، خلوص نیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ٹائم لا ئن کے مطابق مکمل کریں۔

ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ مردم شماری کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اور تحصیل کوآرڈینیٹرز کو درکار سہولیات جن میں ٹریننگ کے لیے سرکاری کالجز اور سکولوں میں ہال ، پراجیکٹر اور سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے جائیں ۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سماجی اور معاشی شعبوں کی ترقی کے لئے  بہتر منصوبہ بندی بیحد ضروری ہے اور مردم و خانہ شماری اس سلسلہ میں کلیدی اہمیت کا حامل ٹاسک ہونے کے ناطے ہم سے ٹھوس حکمت عملی اور قومی لگن کا تقاضا کرتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے اس عزم  کا اظہار کیا کہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس قومی ذمہ داری کو ادا کیا جائے گا اور مربوط اقدامات کے ذریعے مقررہ ٹائم لائن کے اندر اس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

شرکاء اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مردم شماری کوارڈینیٹر ندیم اختر رانا  نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے شفاف اور مثالی انعقاد کے سلسلہ میں تیزی سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ہر مردم شماری بلاک 200 سے 250 گھروں پر مشتمل ہو گا جبکہ مردم شماری سرکل 5 سے7   بلاکس، مردم شماری ڈسٹرکٹ تحصیل/ کنٹونمنٹ پر مشتمل ہوگا جبکہ تحصیل سٹی میں 1394 بلاک ، 767 شمار کنندہ ، سپروائزر 110 ، تحصیل صدر میں 613 بلاک ، 338 شمار کنندہ ، 49 سپروائزر ، کامونکی میں 480 بلاک ، 240 شمار کنندہ، 44 سپروائزر، نوشہرہ ورکاں میں 418 بلاک، 230 شمار کنندہ، 36 سپروائزر فرائض سر انجام دیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر بطور ڈسٹرکٹ سینسس کوارڈینیٹر اور اسسٹنٹ کمشنرز  بطور سینسس ڈسٹرکٹ آفیسرز اس قومی ذمہ داری کو ٹائم لائن کے مطابق سر انجام دینے کے سلسلہ میں کلیدی کردار اداکریں گے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے دوران موبائل ٹیبلیٹس کے ذریعے ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا اور گھروں و عمارتوں کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی جس کے لئے تمام درکار سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شبیر حسین بٹ، اسسٹنٹ کمشنرز (سٹی محمد سلیم آسی، صدر محمد عمر سرور) بذریعہ ویڈیو لنک اسسٹنٹ کمشنرز (کامونکی فضل عباس،  نوشہرہ ورکاں شاہد بشیر) ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اسلم گھمن، تحصیل کوآرڈینیٹرز( صدرنوید احمد ، سٹی محمد افضل، کامونکی شہزادہ خرم جاوید ، نوشہرہ ورکاں احسان اللہ)  اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شر کت کی۔