نوشہرہ ورکاں،6 جنوری ( اے پی پی): ملکی تاریخ میں پہلی بار ساتویں مردم اور خانہ شماری مکمل طورپر ڈیجیٹل ہو گی۔ مردم وخانہ شماری کے انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مردم شماری رابطہ کمیٹی تحصیل نوشہرہ ورکاں کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنرنوشہرہ ورکاں / سینسس ڈسٹرکٹ آفیسر شاہد بشیر کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرشاہدبشیر نے کہاکہ سماجی اور معاشی شعبوں کی ترقی کیلئے بہتر منصوبہ بندی بہت ضروری ہے اور مردم و خانہ شماری کا اس میں کلیدی کردار ہے،تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس قومی ذمہ داری کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے شفاف اور مثالی انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،وہ اس اہم قومی ٹاسک کو ذمہ داری، خلوص نیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ٹائم لا ئن کے مطابق مکمل کریں گے۔
اسسٹنٹ کمشنرشاہدبشیرنے بتایاکہ ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے دوران موبائل ٹیبلیٹس کے ذریعے ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا اور گھروں و عمارتوں کی جیو ٹیگنگ بھی کی جائے گی جس کے لئے تمام درکار سہولیات فراہم کی جارہیں ہیں۔
تحصیل نوشہرہ ورکاں کو 5چارج میں تقسیم کیاگیاجو421 بلاک پر مشتمل ہونگے۔211شمار کنندہ فیلڈ میں کام کریگے ہر شمار کنندہ 2بلاکوں میں کام مکمل کریگا جبکہ 33 سپروائزر انکی نگرانی کریں گے۔عملہ کی ٹریننگ گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2 نوشہرہ ورکاں میں دو سنٹرزپر7جنوری سے شروع ہوگی،ہر بیچ5روزہ ٹریننگ مکمل کریگا۔مردم شماری کا عمل یکم فروری سے شروع ہوکر 4مارچ کو اختتام پذیر ہوگاتاہم شہری 15جنوری سے31جنوری تک خود بھی ویب پورٹل پر اندراج کرستے ہیں۔ شہری کسی قسم کی تجویز، شکایت کیلئے[email protected]پر ای میل کرسکتے ہیں۔











