لاہور،13جنوری(اے پی پی):سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ چوروں، بدمعاشوں،منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کی شہر میں کوئی جگہ نہیں،لاہور پولیس شریف اور غریب شہریوں کے خون پسینے کی کمائی پر قبضہ کی کوشش اور انہیں ہراساں کرنے والے بدمعاشوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔
انہوں نے یہ بات بدمعاشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ او شادمان سب انسپکٹر اسلم شفیع کو تعریفی سند(سی سی ون) اور کیش ایوارڈ دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ڈی ایس پی ڈویلپمنٹ مصطفی حسن،پی ایس او انسپکٹر سرور اور دیگر پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔ فرائض کی بہترین ادائیگی پر سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے ایس ایچ او شادمان کو اپنے دفتر مدعو کیا۔سربراہ لاہور پولیس نے ایس ایچ او شادمان کو شاباش دی اور بہادری کے اسی جذبے کے تحت آئندہ بھی فرائض کی ادائیگی اور خدمت خلق کی ہدایت کی۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ دوران ڈیوٹی شاندار کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبے اور فرض شناسی سے فرائض ادا کرنے والے اہلکار محکمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
یاد رہے کہ ملزمان نے گزشتہ دنوں ٹولٹن مارکیٹ میں جان سے مارنے کی نیت سے شد ید فائرنگ کی تھی جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا تھا۔ملزمان نے شہری عبدالرحمن کو چھری سے وار کرکے زخمی کیا جبکہ شہریوں حمزہ اور سمیر کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ایس ایچ او شادمان اسلم شفیع نے پیشہ وارانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لاتے ہوئے تمام ملزمان کو ایک گھنٹے سے بھی کم ریکارڈ مدت میں حراست میں لے لیا تھا۔ملزمان کے خلاف تھانہ شادمان میں مقدمہ درج کرکے مذید تفتیش جاری ہے۔











