دہشتگرد نیٹ ورک کے قریب ہیں، حملہ آور موٹرسائیکل پر پولیس یونیفارم میں آیا؛آئی جی خیبر پختونخوا

9

پشاور، 02 فروری (اے پی پی):انسپکٹر  جنرل پولیس خیبر پختوامعظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ پشاور پولیس لائنز دھماکہ خودکش حملہ تھا، سازشی نظریات اور قیاس ارائیاں ختم ہونی چائیں، نہ کوئی ڈرون حملہ ہوا ہے اور نہ ہی مسجد میں پہلے سے کوئی آئی ڈی نصب کی گئی تھی، دھماکے کی جگہ سے بال بیرنگ ملے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتاہے کہ خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر پولیس یونیفارم میں آیا ۔

 جمعرات کو پشاور میں سانحہ پشاور پولیس لائنز کے حوالے سے پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا کہ پولیس لائنز مسجد میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا اور نہ ہی مسجد میں پہلے سے کوئی آئی ڈی نصب کی گئی تھی، مسجد میں دھماکہ خودکش بمبار نے کیا ہے۔ اس کی فوٹیج حاصل کی گئی ہے،حملہ آور موٹرسائیکل پر پولیس یونیفارم میں آیا ، اس نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا اور چہرے پر ماسک تھا،12 بجکر 37منٹ پر اندر داخل ہوا، ایک حوالدار سے بات چیت کی، حوالدار کے مطابق حملہ آور نے مسجد کا پوچھا۔

 آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا کہ اس میں کسی کی کوتاہی نہیں، میں یہ اپنی کوتاہی سمجھتا ہوں، پولیس نے انہیں اپنا پیٹی بھائی سمجھ کر اندر جانے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں زیادہ شہادتیں چھت گرنے سے ہوئی۔ انہوں نے کہا حملہ آور کے موٹرسائیکل کا بھی پتہ چلا لیا گیا ہے۔ حملہ آور اکیلا نہیں ہے۔ پورا نیٹ ورک ہے اور ہم اس دہشتگرد نیٹ ورک کے قریب ہیں۔

آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے کبھی اپنا بدلہ نہیں چھوڑا ہے۔ ہم اپنے شہیدوں کا بدلہ لیں گے، ہم شہداء کے قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس غیرت مند فورس ہے ۔ پولیس فورس کسی سے تحفظ نہیں مانگ رہی ، پولیس اپنااور اپنے عوام کا تحفظ خود کرے گی۔

 آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا خیبر پختونخوا پولیس جرات مندوں اور دلیروں کی فورس ہے۔ جوانوں کے حوصلے بلند ہیں ، ہم نے عوام کی تحفظ اور قربانی دینے کی قسم کھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس پاکستان کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ہم کسی کو اس صوبے کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب سازشیں اور احساس عدم تحفظ ختم ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فورس کے تمام جوانوں نے ساتھ لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔