جنوبی پنجاب میں موسم بہار کی شجرکاری مہم جاری،جنگلات کی کمی سے گلوبل وارمنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں، کیپٹن ر ثاقب ظفر

17

ملتان،09 مارچ(اے پی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب  کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ جنگلات کائنات کا لازمی جزو اور زمین کا زیور ہیں، جنگلات کی کمی سے گلوبل وارمنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں اور کہا موسمی تغیر سے پوری نوع انسانی شدید خطرات سے دوچار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلہ سادات مظفرگڑھ میں آم کا  پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح  کرنے کے کے بعد  افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محکمہ جنگلات ساوتھ پنجاب کی جانب سے موسم بہار میں83 لاکھ30 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس موقع پر  سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری سرفرازخان مگسی اور ڈپٹی کمشنر ظہیر عباس شیرازی اور محکمہ جنگلات ساوتھ پنجاب کے افسران موجود تھے۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کی زد میں ہے، گلوبل اسٹینڈرڈ کے مطابق کسی بھی ملک کے25 فیصد ایریا پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے  جبکہ  پاکستان کے صرف پانچ فیصد رقبے پر جنگلات موجود ہیں۔

 کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا بھوٹان میں 60 فیصد اور انڈیا میں 33 فیصد رقبہ پر جنگلات ہیں،جنگلات کو  موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں مرکزی حیثیت حاصل ہے  اور کہا ہماری آنیوالی نسل کے بقاء کے لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ رقبہ پر جنگلات لگائے جائیں۔

 انہوں کہا جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا محکمہ جنگلات کی جانب سے جنگلات لگانےکی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ سیکرٹری جنگلات سرفراز مگسی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم میں 83لاکھ30 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور کہا 22لاکھ50 ہزار پودے لگا دئیے گئے ہیں اور کہا کہ مون سون2022 شجرکاری مہم میں71 لاکھ50 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا ۔

سیکرٹری جنگلات جنوبی پنجاب نے کہا کہ مون سون میں ٹارگٹ سے بڑھ کر 78 لاکھ61ہزار پودے لگائے گئے ہیں اور کہا گزشتہ تین سال میں جنوبی پنجاب میں 8کروڑ45لاکھ پودے لگائے ہیں  اور 10 ایکڑ پرآم کے پودےبھی لگائے گا اس موقع پر سیکرٹری جنگلات سرفراز خان مگسی اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ آغا ظہیر عباس شیرازی نے بھی پودا لگایا۔