ملتان۔14مارچ (اے پی پی):خواتین یونیورسٹی ملتان کے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اور سٹیٹ بینک کے باہمی تعاون سے ایک روزہ فنانشل اور بزنس گالا کا اہتمام کیا گیا،گالا کےمہمان خصوصی چیف مینیجر سٹیٹ بینک جاوید اقبال اور رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب تھیں۔ گالا میں مختلف کمرشل بنکس اور طالبات نے اپنے سٹال لگائے جن میں انٹرپرینور کے آئیڈیاز اور سرمایہ کاری کے حوالے سے پراجیکٹ رکھے گئے تھے گالا میں مختلف کمیپنوں کے نمائندے ، چیمبر آف کامرس اور بینکنگ سیکٹر کے حکام نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے کہا کہ ایسے فورم طالبات کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں جو عملی زندگی میں ان کی کامیابی کا باعث بنتا ہے یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو صنعتی و کاروباری اداروں اور طلبا کے مابین براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔ویمن یونیورسٹی انٹرپرینور طالبات کی بھر پورسپورٹ کرتی ہے۔گالا سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسزڈاکٹر سعدیہ ارشادنے کہا کہ ہماری طالبات کو ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ خود کو آگاہ رکھنا چاہیےحال ہی میں ہماری طالبات نے علی بابا ایکسپریس کے تحت گرانٹ پروجیکٹ میں حصہ لیا اور گرانٹ حاصل کی ہے یہ ہمارے لیے بہت بڑی کامیابی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف مینیجر سٹیٹ بینک جاوید اقبال نے راست اکاؤنٹ اور آسان موبائل اکاؤنٹ ایپ کے حوالے سے شرکا کو آگاہی فراہم کی۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پہلی بار آن لائن فوری ادائیگی ایپ متعارف کرائی ہے۔ تقریب سےگالا کی فوکل پرسن نورین صفدر،محمد عدیل اور نعمان علی نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرڈاکٹر سعدیہ ارشاد اور دیگر اساتذہ نےسٹالز کا دورہ کیا اور طالبات کی کاکردگی کو سراہا۔











