چنیوٹ،15مارچ (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام7 روزہ جشن چنیوٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی اور یادگاری تقریب چناب کالج میں منعقد ہوئی،ہاکی سٹیڈیم میں کبڈی اور اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں کرکٹ میچ کے فائنل مقابلے ہوئے۔
اہل چنیوٹ نے ہر پروگرام پر خوب داد دی، ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا، چوہدری مسعود اقبال اور نمائندہ دین گارڈن کیپٹن (ر)ماجدنے جشن بہاراں میں فرائض انجام دینے والے افسران وسپانسرز میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کہا کہ زندہ دلان چنیوٹ نے تقریبات میں شرکت کرکے چارچاند لگادیئے۔آئندہ بھی ایسے رنگارنگ ایونٹس جاری رہیں گے۔انہوں نے سپانسرز اور چنیوٹیوں کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ ضلعی پولیس سمیت تمام محکموں نے شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے۔
اس موقع پر معروف تاجر ایم ڈی اقبال رائس ملز چوہدری مسعود اقبال، نمائندہ دین گارڈن کیپٹن (ر)ماجد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طلحہ سعید،پرنسپل چناب کالج حبیب اللہ،سی اوز ایم سیز و ضلع کونسل، ایجوکیشن، ڈی اوز سول ڈیفنس، سوشل ویلفیئر، میڈیا نمائندگان،سول سوسائٹی،طلباء و طالبات، پروفیسرز و دیگر بھی موجود تھے۔











