اوکاڑہ؛پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے موقع پر مفت آٹا کی فراہمی شروع

50

اوکاڑہ، 19 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک  کے  حوالے سے  مفت آٹا کی فراہمی کا پروگرام شروع کر دیا گیا ہے، ضلع کی تینوں تحصیلوں میں قائم کئے گئے آٹا پوائنٹس پر تمام انتظامات مکمل کرنے کے بعد اہل افراد میں آٹا کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، ہر آٹا پوائنٹ پر لوگوں کے بیٹھنے کے لئے کرسیوں کے انتظامات کے ساتھ ساتھ 10کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں جن میں سے 7کاؤنٹرز مرد حضرات 2خواتین اور 1کاؤنٹر بزرگ افراد کے لئے مختص ہے جہاں سے اہل فرد اپنا شناختی کارڈ سکین کروانے کے بعد آٹا حاصل کر سکے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ،دیپالپور اور رینالہ خورد میں آٹا پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہرآٹا پوائنٹ پر ایک فوکل پرسن تمام انتظامات کا نگران ہو جو لوگوں کی سہولت اور آسانی کے لئے اقدامات کرے، اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں تمام پوائنٹس کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور اس نقطہ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ ہمارا مقصد لوگوں کی سہولت و آسانی اور انہیں با عزت اور باوقار انداز میں مفت آٹا فراہم کرنا ہے اس سلسلے  میں ہر شخص اپنی ذمہ داری کو فرض سمجھ کر ادا کرے۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ خدمت خلق سے بڑا کوئی کام نہیں ہے اور ہم نے اپنے لوگوں کی خدمت کرنی ہے، پنجاب حکومت نے لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے جو قدم اٹھایا ہے اس کو ثمر آور بنانے کے لیے ہمیں بھر پور کوشش کرنی  ہے ۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے آٹا لینے والے لوگوں سے سنٹرز پر فراہم کی جانےو الی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ لوگوں نے مفت آٹا فراہم کرنے پر پنجاب حکومت کی تحسین کی اور آٹا کی شفاف و باوقار انداز میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ اور افسران کے طرز عمل و رویہ کی تعریف کی ۔