نارووال،یکم اپریل(اے پی پی): ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسرعاصم ریاض کااپنی ٹیم کے ہمراہ حفاظتی آلات کی انسپیکشنزکےحوالے سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال نارووال کادورہ، ڈی او سول ڈیفنس عاصم ریاض واہلہ نے ڈی ایچ کیوہسپتال میں چلڈرن وارڈ،سرجیکل وارڈ،میڈیکل وارڈسمیت شعبہ ڈائیلاسز،ایمرجنسی ودیگرمقامات پرنصب حفاظتی آلات کا تفصیلی معائنہ کیا۔اے ڈی ایڈمن محمد عدنان،قاری ناصر،ڈی آئی اواحسان الحق،انچارچ سیفٹی میئرزٹیم شبیراحمداورکمانڈرمحمدشریف باجوہ بھی اس موقع پرموجودتھے۔
ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسرعاصم ریاض نے قبل ازیں ایم ایس ڈاکٹرافضال راجپوت سے ملاقات کرتے ہوئےانہیں ڈائریکٹرسول ڈیفنس پنجاب کی احکامات کی روشنی میں سرکاری ہسپتال میں نصب حفاظتی آلات کی انسپیکشنز کےبارےآگاہ کیا۔ڈی او سول ڈیفنس نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں ڈی ایچ کیوہسپتال کی انسپکیشنز جبکہ دوسرے مرحلے میں ڈاکٹرزسمیت پیرامیڈیکل سٹاف کوکسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچاؤکے حوالے سےسول ڈیفنس کی آگاہی تربیت دی جائے گی۔
عاصم ریاض واہلہ نے مزیدبتایاڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب شاہد حسن کلیانی کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر وکنٹرولر سول ڈیفنس نارووال محمد اشرف کی سر براہی میں محکمہ سول ڈیفنس کی طرف سےضلع بھرکےمختلف سکول کالجزمیں طلباء و طالبات کو ابتدائی طبی امداد، آگ سے بچاؤ کے طریقے اور مصنوعی تنفس کی بحالی کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کامقصدانسانی جانوں کے تحفظ کویقینی بنانا ہے۔











