قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 30 اپریل کو ہوگی،4 امیدوار مد مقابل

30

فیصل آباد ،3اپریل(اے پی پی): قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آباد میں ضمنی انتخاب 30 اپریل کو ہوگاجس کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر بغیر کسی وقفہ کے سہ پہر 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ مذکورہ ضمنی الیکشن میں حق رائے دہی استعمال کرنیوالے511587 ووٹرز کیلئے 354 پولنگ سٹیشنز قائم کردیئے گئے ہیں۔

ریٹرننگ آفیسر حلقہ این اے 108 فیصل آباد سرمد حسن نے پیر کو اے پی پی کو بتایا کہ مذکورہ حلقہ میں 4 امیدواروں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے طاہر پرویز، پاکستان تحریک انصاف کے فرخ حبیب، تحریک لبیک پاکستان کے سجاد اختر قادری اور پاکستان نظریاتی پارٹی کے خرم شہزاد کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ حلقہ میں 273032 مردوں اور238555 خواتین سمیت کل 511578 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے 2 کلومیٹر حدود کے فاصلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کل 354 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں تاکہ کسی ووٹر کو گھر کے قریب ترین ووٹ ڈالنے میں کسی دقت یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سرمد حسن نے بتایا کہ امیدواروں کی حتمی فہرست 7 اپریل کو جاری کی جائے گی اور 8 اپریل سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا مرحلہ شروع ہوجائے گا۔  انہوں نے بتایا کہ الیکشن ڈیوٹی سرانجام دینے والے 800 پریذائیڈنگ و اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور معاون عملہ کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ضمنی انتخابات کے شفاف، غیر جانبدارانہ، منصفانہ و آزادانہ انعقاد کیلئے بھی تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

سرمد حسن نے کہا کہ پولنگ کے موقع پر خوشگوار اور پرامن ماحول برقرار رکھنے کیلئے بڑی تعداد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار تعینات کئے جا ئیں گے جس کیلئے سکیورٹی پلان فائنل کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاؤہ تمام امیدواروں پر واضح کردیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق پرہر حال میں سختی سے عمل درآمد کروایا جا ئے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

یادرہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 فیصل آبادVIIIکی مذکورہ نشست پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی جس پر اب دوبارہ ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔