نگران وزیراعلی محسن نقوی کے فیصل آباد میں مفت آٹا سنٹرز کے دورے،انتظامات پراظہار اطمینان، کارکردگی کو سراہا

16

لاہور،4اپریل  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے منگل  کو فیصل آباد میں مختلف مفت آٹا سنٹرز کے اچانک دورے کئے۔ محسن نقوی نے کوآپریٹو ٹریننگ کالج، ہاکی سٹیڈیم اوراقبال سٹیڈیم میں قائم مفت آٹا  سکیم کے3 سنٹر ز کے دورے   کئے۔ محسن نقوی نے سنٹرز پر آٹا لینے کے لئے آنے وا لے شہریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کی تعریف کی اور انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کے افسروں اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔

محسن نقوی نے سنٹرز پر مرد و خواتین سے گفتگو کی اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا۔ بعض شہریوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تصدیق نہ ہونے اورچند شہریوں نے شناختی کارڈز کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں شکایات کیں جس پر محسن نقوی نے عملے کو شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا۔

 محسن نقوی نے اپنی نگرانی میں شناختی کارڈز کی تصدیق کرائی اور شہریوں کو آٹا دلوایااور شہریو ں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں  نے کاؤنٹرز پر آٹا لینے والے شہریوں سے گفتگو کی۔ شہریوں نے آٹا سنٹرز پر کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے سنٹرز پر مفت آٹا فراہمی کے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔

 وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ مفت آٹا پیکیج کے تحت پنجاب بھر میں صرف آج اب تک14 لاکھ 10 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں منگل کے روز سہ پہر تک ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے وزیراعظم اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی سے شہریو ں کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے۔میں خود شہر شہر جا کر مفت آٹا کی فراہمی کے پیکیج کی نگرانی کر رہا ہوں اور جہاں مسائل سامنے آتے ہیں فوری ایکشن لے کر انہیں حل کیا جاتا ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ ہر شہری کو مفت آٹا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

فیصل آباد کے کمشنر، آر پی او، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھے۔