صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا: ایس ایم تنویر

29

لاہور، 13 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر سے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے وفد کی ان کے آفس میں ملاقات۔ ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر عبدالغفور وفد قیادت کررہے تھے۔ وفد نے سیالکوٹ کی انڈسٹری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ زیادہ ترمسائل ٹیکس، انفراسٹرکچر، کالونائزیش اور سیالکوٹ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون سے متعلقہ تھے۔ صوبائی وزیر نے وفد کو جائز مسائل کی ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کروائی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ صنعتکاروں کا نمائندہ ہوں اور صوبے کی انڈسٹری کا تحفظ کروں گا۔ انڈسٹریل اسٹیٹس میں سستے پلاٹ خرید لئے جاتے ہیں لیکن کارخانے نہیں لگتے۔ کارخانے لگیں گے تو روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں پراپرٹی کے کاروبار کو ختم کرنا ہوگا۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رکھنے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔