لنڈی کوتل؛ پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی ریلی

18

لنڈی کوتل،27مئی(اے پی پی): قبائلی ضلع خیبر کے علاقہ لنڈی کوتل بازار میں پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی، جسمیں پاک فوج کیساتھ محبت اور 9مئی جیسے پرتشدد واقعات کی بھرپور مذمت کی گئی۔

ریلی لنڈی کوتل بازار سے شروع ہوکر لنڈی کوتل پریس کلب پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی صدارت مسلم لیگ ن ضلع خیبر کے جنرل سیکرٹری ساجد علی آفریدی لنڈی کوتل کے صدر محب آفریدی نے کی ۔

مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کی حمایت میں نعرے درج تھے،  ریلی  کے  شرکاء  پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے ہاتھ میں پاکستانی پرچم اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر  پاک فوج زندہ باد کے الفاظ درج تھے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ساجد علی آفریدی اور ولی محمد شینواری نے کہا کہ 9 مئی واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ریلی میں سینئر رہنما نوشیروان شینواری، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خیال رسول اور ڈپٹی تحصیل چیئرمین ولی محمد  و دیگر مختلف علاقائی لوگوں نے شرکت کی۔