سیالکوٹ،9جولائی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ متوقع سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی جی پی ڈی ایم اے) عمران قریشی کے ہمراہ نالہ بھیڈ اور اربن فلڈ ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 14 زارکیوسک جبکہ اخراج 98430کیوسک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں تمام برساتی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیواینڈ ریلیف کے لیے مختلف علاقوں میں 22 ریلیف کیمپس بھی قائم کر دئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اور لوگوں کو ریلیف دینے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریائے توی کے کنارے دیہات کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے اور اس کے ارد گرد ریسکیو ٹیموں کو 6 مختلف مقامات پر تعینات بھی کر دیا گیا ہے۔











