دریائے ستلج میں  پاکپتن کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب، متعدد آبادیاں اور بستیاں زیر آب

28

پاکپتن، 26 جولائی ( اےپی پی): بھارت کی طرف سے چھوڑے جانے والے پانی اور حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جس سے پاکپتن کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب آگیا ہے۔متعدد آبادیاں اور بستیاں زیر آب آگئی ہیں۔

پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 پاکپتن کی جانب سے سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ہمارے نمائندے عباس علی عارفی کے مطابق دریائے ستلج میں پاکپتن کے مقام پر سیلاب سے پیر غنی،ملکہ تارو،کوٹ بخشہ،ملک بہاول،نورا رتھ،تبی لال بیگ اور بیلی دلاور کی ساٹھ سے زائد چھوٹی چھوٹی بستیاں اور آبادیاں متاثر ہوئی ہیں۔ریسکیو1122 کے اہلکار اب تک پانچ ہزار سے زائد متاثرین اور تین سو قریب جانوروں جبکہ تین سو کے قریب ٹرانسپورٹس کو محفوظ مقامات پر پہنچا چکے ہیں۔ریسکیو1122 کے جانبازوں نے پاکپتن کے نواحی گاوں کوٹ بخشہ میں سیلاب میں بہتے ہوئے افراد کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بچا لیا اور محفوظ مقام پر پہنچا کر انہیں طبی امداد بھی دی۔ریسکیو1122نے سیلاب میں ڈوبنے والے مال مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر پہنچایا۔اس پر سیلاب متاثرین نے ریسکیو1122اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

عباس علی عارفی /فاروق