کراچی، 12 اگست (اے پی پی):ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ یوم آزادی کا دن قریب آتے ہی شہریوں میں جشن آزادی منانے کا جوش و جذبہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔شہری گلیوں ،محلے ،چوراہوں اور سڑکوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجا رہے ہیں وہیں پر شہر کے مختلف مقامات،سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کرنے کا بھی اہتمام کیا گیاہے جس کی وجہ سے شہر ایک دلکش منظر پیش کررہا ہے۔سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں جشن آزادی کی تقریبات کے لئے بچے والدین کے ہمراہ جشن آزادی کے حوالے سے لگائے اسٹالز پر خریداری کرتے نظر آرہے ہیں۔شہریوں نے گاڑیوں کے علاوہ گھروں پر بھی قومی پرچم لگاکر وطن عزیز سے محبت کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔
یوم آزادی کے موقع پر جہاں مخصوص مارکیٹوں میں یوم آزادی کی مناسبت سے سامان فروخت کیا جا رہا ہے وہیں پر شہر بھر میں سبز ہلالی پرچموں ، بیجز ، ٹی شرٹس ،کیپ ، ہیئر بینڈز ،جھنڈیوں اور دیگر سامان کے سینکڑوں اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں جہاں پر شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کرتی ہوئے دکھائی دیتی ہے۔











